لاہور۔پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ غنا علی نے انسٹاگرام پر اپنی مقبول ڈرامہ سیریل نقاب کی کاسٹ کے ہمراہ چند یادگار تصاویر شیئر کیں، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
انسٹاگرام پوسٹ میں اداکارہ کو اپنے ساتھی فنکاروں حنا طارق، عمارہ ملک، احمد رفیق اور ہمایوں اشرف کے ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ تصاویر شیئر کرتے ہوئے غنا علی نے کیپشن دیا: “نقاب ری یونین 0.1.1″، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ملاقات خاصی دوستانہ اور جذباتی نوعیت کی تھی۔
مداحوں نے تصاویر پر بھرپور محبت کا اظہار کرتے ہوئے کمنٹس میں لکھا کہ وہ نہ صرف غنا علی کو بلکہ ڈرامے نقاب کی پوری ٹیم کو بہت یاد کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل غنا علی نے انسٹاگرام پر اپنے ڈرامے نقاب کے اختتام پر اپنے کردار “زارا” کو جذباتی انداز میں الوداع کہا تھا۔ انہوں نے شو کے سیٹ سے تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے لکھا:
“آخرکار زارا کو انصاف اور محبت دونوں مل گئے۔ یہ پورا سفر ایک چھٹیاں گزارنے جیسا تجربہ تھا، جس کے ختم ہونے کا دکھ ہے۔”
غنا علی نے مزید کہا کہ زارا کا کردار ان کے لیے کسی بچے کی مانند تھا، اور انہیں امید ہے کہ ناظرین نے اس کردار سے اتنا ہی لگاؤ محسوس کیا جتنا انہوں نے ادا کرتے ہوئے کیا۔