حیدرآباد : بھارت میں میلا میگی کے ساتھ ناروا سلوک، مس انگلینڈ نے مس ورلڈ 2025 مقابلے سے دستبرداری کا اعلان کر دیا
بھارتی شہر حیدرآباد میں جاری مس ورلڈ 2025 کے مقابلے میں برطانیہ کی نمائندگی کرنے والی 24 سالہ میلا میگی نے نامناسب رویے پر مقابلے سے دستبرداری اختیار کر لی۔
برطانوی روزنامہ ’دی سن‘ کو دیے گئے ایک بیان میں میلا میگی نے اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ “مجھے بھارت میں اس انداز میں پیش کیا جا رہا تھا جیسے میں کوئی طوائف ہوں۔”
انہوں نے کہا کہ ان کی نیت تھی کہ وہ ایک مثبت تبدیلی لائیں، لیکن ان کا سامنا ایسی صورت حال سے ہوا جو ان کے اصولوں کے منافی تھی۔
“ہمیں اس انداز میں بٹھایا گیا جیسے تماشا دکھانے والے بندر ہوں۔ میں اس عمل کا اخلاقی طور پر حصہ نہیں بن سکتی تھی،” انہوں نے واضح الفاظ میں کہا۔
❝ عزت یا اعزاز؟ ❞
میلا نے کہا کہ دنیا کی ساری کرسیاں اور خطابات بے معنی ہو جاتے ہیں اگر آپ اپنی آواز کے ذریعے کوئی فرق نہ ڈال سکیں۔ ان کے مطابق مختلف مواقع پر خاص طور پر شام کی تقریبات کے دوران انہیں شدید اضطراب کا سامنا کرنا پڑا، جہاں “ہم سے توقع کی جاتی تھی کہ اسپانسرز اور مہمانوں کی تفریح کریں۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ ہر میز پر 6 مہمان ہوتے اور دو دو لڑکیوں کو ان کے ساتھ بٹھایا جاتا، جہاں ان کا کام صرف مہمانوں کو خوش رکھنا ہوتا۔ “یہ سب ناقابلِ یقین تھا۔ میں وہاں تفریح کے لیے نہیں گئی تھی، بلکہ حقیقی مسائل کی طرف توجہ دلانا چاہتی تھی، لیکن مردوں نے کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی،” میلا نے شکوہ کیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، میلا میگی کو مس ورلڈ 2025 کے لیے ایک مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا تھا، تاہم ان کے انخلا کے بعد شارلٹ گرانٹ اب برطانیہ کی نمائندگی کریں گی۔
واضح رہے کہ مس ورلڈ 2025 کا فائنل آئندہ ہفتے منعقد ہوگا، جسے دنیا کے 180 سے زائد ممالک میں براہ راست نشر کیا جائے گا۔