امریکی ریاست لاس ویگاس میں 21 سے 24 مئی 2026 کے درمیان ایک متنازع کھیلوں کا مقابلہ منعقد ہونے جا رہا ہے جسے “Enhanced Games” کا نام دیا گیا ہے۔
اس ایونٹ میں شرکاء کو طبی ماہرین کی نگرانی میں ایسی ادویات استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی جو ان کی جسمانی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہیں، جن میں اسٹیرائیڈز بھی شامل ہیں۔ یہ مقابلہ روایتی اولمپک گیمز کے بالکل برعکس ہے، جہاں ان ادویات کے استعمال پر سخت پابندیاں عائد ہوتی ہیں۔
یہ مقابلہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار آرون ڈی سوزا کے زیرِ انتظام منعقد کیا جا رہا ہے، جن کا دعویٰ ہے کہ اس اقدام کا مقصد سائنسی ترقی کے ذریعے انسانی کارکردگی کی نئی حدود کو دریافت کرنا ہے۔
اس ایونٹ میں مختلف اقسام کے کھیل شامل ہوں گے جیسے دوڑ، تیراکی، وزن اٹھانا، جمناسٹکس اور فائٹنگ۔
ہر کھیل میں کامیاب ہونے والے کھلاڑی کو 5 لاکھ ڈالر تک انعام دیا جائے گا، جبکہ اگر کوئی کھلاڑی عالمی ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو وہ 10 لاکھ ڈالر تک کا انعام حاصل کر سکتا ہے۔
شرکاء کو صرف وہی ادویات استعمال کرنے کی اجازت ہو گی جو ایف ڈی اے سے منظور شدہ ہوں اور جن کا استعمال تربیت یافتہ طبی عملے کی نگرانی میں کیا جائے۔ ایونٹ کے دوران میڈیکل ٹیم اور پیرا میڈکس بھی موقع پر موجود ہوں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی طبی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔