لاس اینجلس ۔ارجنٹینا کے ایک سینما ہال میں ہالی ووڈ فلم ’فائنل ڈیسٹینیشن: بلڈ لائنز‘ کی نمائش کے دوران ایک افسوسناک اور چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا، جس نے فلم کی تھیم کو حقیقی زندگی میں مجسم کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، واقعہ اُس وقت پیش آیا جب فلم اختتام کے قریب تھی اور سینما کی چھت کا ایک حصہ اچانک گر پڑا۔ اس حادثے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوئیں، جبکہ ہال کو بھی نقصان پہنچا۔
زخمی ہونے والی خاتون، فیاما، نے بتایا کہ وہ فلم میں مکمل طور پر محو تھیں جب ایک تیز آواز سنائی دی، جسے انہوں نے پہلے فلم کا صوتی اثر سمجھا، لیکن فوری بعد چھت کا ایک بڑا پینل ان کے گھٹنے پر آ گرا۔ انہیں فوراً اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے ان کے گھٹنے میں شدید چوٹ کی تصدیق کی۔
فیاما کا کہنا تھا کہ اگر وہ جھکی نہ ہوتیں تو وہ پینل ان کے سر پر گر سکتا تھا، جس کے نتائج بہت خطرناک ہو سکتے تھے۔ انہوں نے سینما انتظامیہ پر لاپروائی کا الزام لگاتے ہوئے باضابطہ شکایت درج کرانے کا اعلان کیا۔ فیاما نے سوال اٹھایا: “اگر وہ پینل میری ساتھ بیٹھی بیٹی پر گرتا تو ذمہ داری کس پر عائد ہوتی؟”
واقعے کی حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ حادثہ اس فلم کی نمائش کے دوران پیش آیا جس کا مرکزی موضوع ہی اچانک اور غیر متوقع حادثات ہیں، یعنی Final Destination سیریز، جو اسی نوعیت کے مہلک واقعات پر مبنی ہوتی ہے۔ اس اتفاق نے حاضرین کو حقیقت اور افسانے کے درمیان ایک چونکا دینے والی مماثلت کا احساس دلایا۔