لندن۔پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی کلب النصر سے ممکنہ علیحدگی کا عندیہ دیتے ہوئے ایک مبہم پیغام شیئر کیا ہے، جس نے مداحوں اور فٹبال حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع کر دی ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر سعودی پرو لیگ کے اختتام کے چند گھنٹوں بعد رونالڈو نے ایک مختصر مگر معنی خیز پیغام میں لکھا: “یہ باب ختم ہوگیا!” اس کے ساتھ ہی انہوں نے مزید کہا: “کہانی؟ ابھی بھی لکھی جا رہی ہے۔ اس سفر میں میں سب کا شکر گزار ہوں۔”
یاد رہے کہ رونالڈو نے جنوری 2023 میں سعودی کلب النصر کے ساتھ 164 ملین پاؤنڈ سالانہ پر مشتمل معاہدہ کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے کلب کے لیے 105 میچز میں 93 گول کیے۔ ان کی سب سے بڑی کامیابی 2023 کا عرب کلب چیمپئنز کپ جیتنا رہی، تاہم وہ سعودی پرو لیگ کا ٹائٹل اپنے نام نہ کر سکے۔
کرسٹیانو رونالڈو نے سال 2022 میں انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد سعودی کلب النصر میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ان کا موجودہ معاہدہ جون 2025 تک جاری ہے۔
رونالڈو نے 26 مئی 2025 کو النصر کی جانب سے آخری میچ الفتح کے خلاف کھیلا، جو 3-2 سے النصر کی شکست پر ختم ہوا۔ اس میچ میں انہوں نے ایک گول ضرور اسکور کیا۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے مطابق، رونالڈو مختلف کلبز سے رابطے میں ہیں، جو 14 جون سے امریکا میں شروع ہونے والے فیفا کلب ورلڈکپ میں شرکت کر رہے ہیں۔
فوربز کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، رونالڈو دنیا کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں، اور جلد وہ ایک منٹ میں 300 پاؤنڈ کمانے کی سطح تک پہنچ سکتے ہیں۔