لاہور۔پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے سال 2024 کے دوران اب تک 33 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں، جن میں ٹیم مینجمنٹ نے 10 مرتبہ اوپننگ جوڑی میں رد و بدل کرتے ہوئے نئی شراکتیں آزمانے کی کوشش کی۔
ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں خراب کارکردگی کے بعد ٹیم نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی روایتی اوپننگ جوڑی کو ختم کر کے کچھ نئے اور جارحانہ انداز کے کھلاڑیوں کو اوپننگ پر آزمانا شروع کیا۔
پاکستان نے اوپننگ کے لیے صائم ایوب، فخر زمان، حسن نواز، محمد حارث، محمد رضوان، صاحبزادہ فرحان اور عمیر بن یوسف کو میدان میں اتارا، لیکن تاحال کوئی بھی جوڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی۔
سب سے زیادہ مواقع صائم ایوب اور محمد رضوان کی جوڑی کو دیے گئے، جنہوں نے 11 میچز میں صرف 157 رنز بنائے، ان کی اوسط 14 رنز رہی۔
بابر اعظم کے ساتھ رضوان اور حسن نواز، جبکہ محمد حارث کے ساتھ بھی پانچ، پانچ میچز میں اوپننگ کی گئی۔ اسی طرح بابر اور صائم ایوب کی شراکت کو صرف چار مواقع دیے گئے۔
گزشتہ روز بنگلادیش کے خلاف میچ میں صائم ایوب اور فخر زمان پہلی مرتبہ بطور اوپننگ جوڑی ایک ساتھ میدان میں اترے۔ادھر شائقین کرکٹ بھی ٹیم کی مسلسل اوپننگ میں تبدیلیوں اور مخصوص کھلاڑیوں کو تسلسل سے نہ کھلانے پر سوالات اٹھا رہے ہیں، جبکہ سلیکشن کمیٹی کی پالیسیوں پر بھی تنقید کی جا رہی ہے۔