نئی دہلی ۔بھارتی جنگی طیاروں کی تباہی سے متعلق سوالات اب پورے بھارت میں شدت سے زیر بحث ہیں، مگر مودی سرکار اس پر خاموش ہے اور کوئی واضح جواب دینے سے قاصر نظر آتی ہے۔
بی جے پی کے ایک سینئر رہنما نے بھی بھارتی فضائی نقصان کا اعتراف کرلیا ہے۔
بی جے پی کے اہم رہنما سبرامنیئن سوامی نے ایک انٹرویو میں تسلیم کیا کہ پاکستان نے بھارتی ایئرفورس کے پانچ طیارے مار گرائے تھے۔
سوامی نے یہ بھی کہا کہ چینی ساختہ طیارے اعلیٰ معیار کے حامل ہیں، جب کہ انہوں نے فرانسیسی طیاروں کو غیر معیاری قرار دیا۔
انٹرویو میں جب میزبان نے سوال اٹھایا کہ اپوزیشن بھی یہ جاننا چاہتی ہے کہ اصل میں کتنے طیارے تباہ ہوئے، تو سبرامنیئن سوامی نے جواب دیا کہ جب تک نریندر مودی برسراقتدار ہیں، اس معاملے کی شفاف تحقیقات اور سچ سامنے آنا ممکن نہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم مودی طیاروں کے نقصان کی حقیقی صورتحال قوم کے سامنے لائیں گے۔
ادھر تلنگانہ کے وزیراعلیٰ نے بھی وزیراعظم مودی پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عوام کو اصل حقائق سے بے خبر رکھا۔
سبرامنیئن سوامی، جو اس سے قبل بھی مودی حکومت پر تنقید کرتے رہے ہیں، اب وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔