وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا لیہ میں میڈیکل کالج بنانے کا اعلان

لیہ۔پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے لیہ میں ایک نئے میڈیکل کالج کی بنیاد رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے پر جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر بچہ تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کی سہولت سے مستفید ہو۔

یہ بات انہوں نے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے لیہ کے طلبہ میں 1 ہزار 645 لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ اور راجن پور کے طلبہ کو بھی اس اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ لیہ یونیورسٹی کے قیام کیلئے 1.5 ارب روپے اور ڈیرہ غازی خان یونیورسٹی کیلئے بھی اتنی ہی رقم مختص کی گئی ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا، “یہ میرا پہلا سال ہے، جیسے جیسے وقت آگے بڑھے گا، میں کارکردگی میں مزید بہتری لانے کی کوشش کرتی رہوں گی۔ جو شخص عوام کی ضروریات، جیسے روٹی، سبزی اور بجلی کے نرخوں کی فکر کرتا ہے، وہی حقیقی ہمدرد ہے، جبکہ نفرت پھیلانے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔”

مریم نواز نے قومی یکجہتی اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے ملک کے لیے خدمات انجام دیں، وہ ہمارے ہیرو ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ “جنہوں نے وردی جلائی، دراصل انہوں نے ملک کی عزت و عظمت کو نقصان پہنچایا۔ آج انہی وردیوں میں ملبوس ہمارے سپاہی سرحدوں پر قربانیاں دے رہے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا، “10 مئی کو کامیابی کے بعد سب پر عیاں ہو گیا کہ 9 اور 28 مئی کو کون کہاں کھڑا تھا۔”

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب ایک قوم فولادی دیوار بن جائے تو اسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے بچوں کو پیغام دیا کہ وہ ملک کی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ پاکستان نے اپنی محدود وسائل کے باوجود بھارت جیسے بڑے ملک کو بھی شکست دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں