سنگاپور : بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے بالآخر اعتراف کر لیا کہ پاکستان کے ساتھ جھڑپوں میں بھارت کے لڑاکا طیارے تباہ ہوئے۔ یہ اعتراف انہوں نے سنگاپور میں جاری شنگریلا ڈائیلاگ کے دوران بلومبرگ ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا۔
انٹرویو کے دوران میزبان نے جب سیدھا سوال کیا کہ “کتنے بھارتی طیارے تباہ ہوئے؟” تو جنرل چوہان نے ابتدا میں گول مول جواب دینے کی کوشش کی، تاہم ان کے الفاظ میں چھپا سچ خودبخود سامنے آ گیا۔
جنرل انیل چوہان کا کہنا تھا:“اصل سوال یہ نہیں کہ کتنے طیارے تباہ ہوئے، بلکہ یہ ہے کہ وہ طیارے تباہ کیوں ہوئے۔”
میزبان کے دوبارہ اصرار پر کہ “کیا کم از کم ایک طیارہ تباہ ہوا؟” تو جنرل چوہان نے واضح طور پر ہاں میں جواب دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ بھارت کا طیارہ واقعی تباہ ہوا۔
بلومبرگ کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب بھارتی فوج نے سرکاری طور پر تصدیق کی ہے کہ مئی میں پاکستان کے ساتھ جھڑپوں میں بھارت نے اپنے لڑاکا طیارے کھوئے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت ہمیشہ سے اپنے فوجی نقصانات کو چھپانے کی پالیسی پر عمل کرتا رہا ہے، خاص طور پر پاکستان کے ساتھ تصادم کی صورت میں۔ تاہم اس اعتراف نے نئی بحث کو جنم دے دیا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی یہ بیان وائرل ہو چکا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق جنرل چوہان کا یہ بیان نہ صرف بھارتی عسکری قیادت کی ناکامی کو آشکار کرتا ہے بلکہ پاکستان کے مؤقف کی تصدیق بھی کرتا ہے کہ فروری 2019 کے بعد سے بھارت کو کئی محاذوں پر سخت دفاعی چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔