اسلام آباد ۔وفاقی حکومت آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کرنے جا رہی ہے، جن میں پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں پر آئندہ پانچ برسوں کے لیے لیوی (محصول) عائد کرنے کی تجویز شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے خصوصی ای وی فنڈ کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
مجوزہ بجٹ میں مجموعی اقتصادی ترقی (جی ڈی پی) کا ہدف 4.2 فیصد، مہنگائی کی شرح 7.5 فیصد اور زرعی شعبے کی ترقی کا ہدف 4.5 فیصد مقرر کرنے کی تجاویز دی گئی ہیں۔ صنعتی شعبے کے لیے 4.4 فیصد جبکہ خدمات کے شعبے کے لیے 4 فیصد شرح نمو کا ہدف تجویز کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ تجاویز پر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ورچوئل مذاکرات جاری ہیں اور متعدد اہم اہداف پر مشاورت مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ دیگر نکات پر بات چیت آئندہ چند روز میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
بجٹ سے متعلق سالانہ منصوبہ بندی اور ترقیاتی فریم ورک کو حتمی شکل دینے کے لیے سالانہ منصوبہ رابطہ کمیٹی (اے پی سی سی) کا اجلاس 2 جون کو طلب کیا گیا ہے۔ بعد ازاں اسی ہفتے وزیرِاعظم کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اجلاس ہوگا، جس میں پی ایس ڈی پی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جائے گی، جبکہ اگر کسی قسم کی ترمیم یا اضافی فنڈنگ کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی این ای سی کی منظوری سے کی جائے گی۔