نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان، پاکستانی نژاد کھلاڑی بھی شامل

ولنگٹن۔نیوزی لینڈ کرکٹ نے 2025-26 کے سیزن کے لیے مرکزی معاہدوں کی فہرست جاری کر دی۔

پاکستانی نژاد آل راؤنڈر محمد عباس سمیت چار نئے کھلاڑیوں کو پہلی بار سینٹرل کانٹریکٹ دیا گیا ہے۔ ان میں وکٹ کیپر بیٹر مچ ہے، آل راؤنڈر زیک فولکس اور لیگ اسپنر آدی اشوک بھی شامل ہیں، جنہیں پہلی مرتبہ یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔

دوسری جانب، ٹم ساؤتھی، اش سودھی، اجاز پٹیل اور جوش کلارکسن جیسے معروف نام اس سال کنٹریکٹ لسٹ سے باہر ہو گئے ہیں، جب کہ کین ولیمسن، ڈیوون کونوے، فن ایلن، ٹم سیفرٹ اور لوکی فرگوسن جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں سے وقتی معاہدوں پر مذاکرات جاری ہیں۔

محمد عباس نے مارچ 2025 میں پاکستان کے خلاف اپنے پہلے ون ڈے میچ میں صرف 26 گیندوں پر 52 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر سب کو چونکا دیا تھا، جو مردوں کے ون ڈے ڈیبیو پر تیز ترین نصف سنچری کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔ اسی مقابلے میں انہوں نے محمد رضوان کو آؤٹ کر کے اپنی پہلی ون ڈے وکٹ بھی حاصل کی تھی۔

24 سالہ مچ ہے نے بھی پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچ میں 78 گیندوں پر ناقابل شکست 99 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جبکہ سری لنکا کے خلاف اپنے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

زیک فولکس نے گزشتہ سال پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا، اور بعد میں نومبر میں ون ڈے میں بھی شرکت کی۔ آدی اشوک نے 2023 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا اور حال ہی میں بنگلہ دیش اے کے خلاف ایک میچ میں 5 وکٹیں لے کر سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو، اسکاٹ ویننک نے نوجوان کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت کو مستقبل کے لیے امید افزا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نوجوان نہ صرف باصلاحیت ہیں بلکہ ان میں قومی ٹیم کی نمائندگی کا جذبہ اور بلند حوصلہ بھی موجود ہے۔ ان کے مطابق، جاری کردہ نئے معاہدے نیوزی لینڈ کرکٹ کے روشن مستقبل کی تصویر پیش کرتے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق، کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل ڈیٹا اور حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے، اور یہ فہرست آئندہ مصروف سیزن، خصوصاً 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدِنظر رکھ کر مرتب کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں