’اسکوئڈ گیم‘ کے آخری سیزن کا سنسنی خیز ٹریلر جاری

لاس اینجلس۔نیٹ فلکس کی مقبول ترین سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ کے تیسرے اور آخری سیزن کا سنسنی خیز اور جذبات سے لبریز ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، جس نے مداحوں کی بے چینی کو مزید بڑھا دیا ہے۔

نیا سیزن وہیں سے شروع ہو گا جہاں دوسرا سیزن ختم ہوا تھا۔ کہانی کا محور ایک بار پھر گی ہُن (اداکار لی جنگ جے) ہے، جو اب بھی پراسرار اور مہلک کھیل کے پیچھے کارفرما قوتوں کے خلاف مزاحمت کر رہا ہے، اگرچہ اس جدوجہد میں وہ بہت کچھ گنوا چکا ہے۔

سیریز کے تخلیق کار ہوانگ ڈونگ ہیوک کے مطابق، اس بار کہانی گی ہُن کی ناکامی کے بعد کے سفر پر روشنی ڈالتی ہے۔ ٹریلر میں اسے ایک ایسے شخص کے طور پر دکھایا گیا ہے جو اندر سے ٹوٹ چکا ہے، لیکن پھر بھی انسانیت، ہمدردی اور حوصلے کا دامن نہیں چھوڑتا۔

تیسرے سیزن میں مشہور اور خوفناک گیم “ریڈ لائٹ، گرین لائٹ” کی گڑیا ینگ ہی کی واپسی بھی شامل ہے، جب کہ نئے چیلنجز نہ صرف زیادہ خطرناک بلکہ مزید نفسیاتی دباؤ سے بھرپور دکھائی دے رہے ہیں۔

گلابی یونیفارمز میں ملبوس گارڈز حسبِ سابق بے رحم اور سنگ دل دکھائے گئے ہیں، جب کہ فرنٹ مین ایک بار پھر کہانی میں نمودار ہوتا ہے۔ ایک منظر میں وہ گی ہُن سے سوال کرتا ہے:
“کیا تمہیں اب بھی انسانوں پر یقین ہے؟”

اداکار لی بیونگ ہن نے مداحوں کو یقین دلایا ہے کہ یہ سیزن توقعات پر پورا اترے گا اور شائقین کو مایوسی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

یاد رہے کہ ’اسکوئڈ گیم‘ کا یہ اختتامی سیزن 27 جون کو نیٹ فلکس پر ریلیز کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں