اسلام آباد میں قتل کی واردات، مقتولہ ثناء یوسف کے والد کا ویڈیو بیان سامنے آگیا

اسلام آباد ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی-13 میں قتل کی جانے والی ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے والد کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔

2 جون کی شام فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ ملزم عمر حیات عرف ’کاکا‘، جو خود بھی ٹک ٹاکر ہے، نے دوستی کی درخواست مسترد کیے جانے پر متعدد بار انکار سننے کے بعد ثناء یوسف کو ان کے گھر میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

قتل کے واقعے کے بعد ثناء یوسف کی والدہ کی جانب سے پولیس کو درخواست دی گئی، جس پر قتل کا مقدمہ درج کیا گیا اور اسلام آباد پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔

اب مقتولہ کے والد کا ایک ویڈیو پیغام منظر عام پر آیا ہے، جس میں انہوں نے حکومت سے انصاف کی اپیل کی ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں مقتولہ کے والد نے کہا کہ وہ سرکاری ملازم ہیں اور انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ جو افسوسناک سانحہ ان کے ساتھ پیش آیا، اس کی مکمل چھان بین کی جائے اور جو بھی اس میں ملوث ہو، اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کسی سے کوئی ذاتی رنجش یا جھگڑا نہیں ہے، لہٰذا اس معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ اس واقعے کے ذمہ دار فرد تک پہنچے اور قانونی کارروائی کے ذریعے انصاف دلایا جائے، یہ ان کی حکومت سے پرزور اپیل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں