حج کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات، مکہ مکرمہ میں امریکی ساختہ پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام نصب

مکہ مکرمہ: سعودی عرب نے حج 2025 کے موقع پر حجاج کرام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں، جن میں امریکی ساختہ پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام کی تعیناتی بھی شامل ہے۔

سعودی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پیٹریاٹ سسٹمز کو مکہ مکرمہ اور اس کے اطراف میں نصب کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی فضائی خطرے سے فوری اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ یہ اقدام لاکھوں حجاج کرام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے جو ہر سال دنیا بھر سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر جاری ایک اور پوسٹ میں فوجی ہیلی کاپٹر کو مسجد الحرام اور اس کے گرد و نواح میں فضائی نگرانی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جو فضائی سیکیورٹی کا ایک اور اہم جزو ہے۔

سعودی حکام کے مطابق، پیٹریاٹ میزائل سسٹم جدید ترین دفاعی ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جو بیلسٹک میزائل، ڈرونز اور دیگر ممکنہ فضائی حملوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

فضائی نگرانی کے لیے ہیلی کاپٹروں کی تعیناتی اور جدید دفاعی نظاموں کی تنصیب سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب حج کے دوران سیکیورٹی کو اعلیٰ ترین سطح پر لے جانے کا عزم رکھتا ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ حجاج کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں تاکہ زائرین کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے جس میں وہ اپنے روحانی فرائض سکون سے ادا کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں