لاہور۔پاکستانی شوبز کے معروف اور سینئر فنکار جاوید شیخ نے اداکارہ میرا کے حوالے سے ماضی کا ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا۔
نجی ٹی وی چینل کے عید کے خصوصی پروگرام میں جاوید شیخ، ریمبو اور دیگر فنکار شریک ہوئے، جہاں سب نے مل کر عید کی خوشیاں منائیں اور پرانے یادگار لمحات کو تازہ کیا۔
جب میزبان نے سوال کیا کہ فلموں میں سب سے زیادہ ری ٹیکس کس اداکارہ کو دینے پڑتے تھے، تو تمام فنکاروں نے بیک وقت میرا کا نام لیا اور اس حوالے سے دلچسپ واقعات بھی سنائے۔
ریمبو نے ایک موقع کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ میرا بعض اوقات الجھن کا شکار ہو جاتی تھیں اور اچانک کہتیں، “اسکرپٹ میں آگے کیا ہے؟ چلو اسے دوبارہ کرتے ہیں۔”
اداکار سعود نے ایک اور واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ہم سب مالدیپ میں شوٹنگ کر رہے تھے، جہاں میرا کو ایک دیوار کے ساتھ ڈانس کا شاٹ دینا تھا۔ اچانک وہ نیچے گر پڑیں، جس سے ہم سب گھبرا گئے، لیکن وہ فوراً اٹھیں، اپنے کپڑے جھاڑے اور بولیں، “چلو دوبارہ کرتے ہیں۔”
پروگرام کے دوران جاوید شیخ نے بھی ایک قصہ سنایا کہ وہ ترکی میں فلم “چیف صاحب” کی شوٹنگ کر رہے تھے، جس میں میرا ایک دولت مند شخص کی بیٹی کا کردار نبھا رہی تھیں، اور وہ کردار آصف خان نے ادا کیا تھا۔
جاوید شیخ نے کہا کہ میں نے میرا سے کہا تھا کہ وہ جینز اور شرٹ پہن کر آئے، مگر وہ اپنی مرضی سے سرکٹ اور شرٹ پہن کر سیٹ پر آ گئیں۔ مجھے غصہ آیا اور میں اپنے اسسٹنٹ سے اگلے سین پر بات کرنے لگا۔ تھوڑی دیر بعد میرا جینز اور شرٹ پہن کر واپس آئی۔ اسسٹنٹ نے بتایا کہ وہ پڑوسیوں کے گھر گئی تھیں اور ایک لڑکی سے جینز اور شرٹ مانگ کر پہن آئیں۔جاوید شیخ کا یہ پرانا واقعہ سن کر پروگرام میں موجود سب لوگ ہنسنے لگے۔