شوہر شادی کے لیے کئی سال تک مناتے رہے، ماہرہ خان کا انکشاف

لاہور۔’سپر اسٹار‘ فلم کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے شوہر سلیم کریم نے انہیں برسوں تک شادی کے لیے راضی کرنے کی کوشش کی۔

پروگرام میں گفتگو کے دوران ماہرہ خان نے کہا کہ وہ اپنے جذبات کو چھپانے والی خاتون نہیں، بلکہ وہ کھل کر اپنے احساسات کا اظہار کرتی ہیں اور زیادہ دیر دل کی بات کو روک کر نہیں رکھتیں۔

انہوں نے بتایا کہ حقیقی زندگی میں بھی وہ ایک رومانوی مزاج کی حامل شخصیت ہیں اور اپنے خیالات کے اظہار میں ہچکچاتی نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ماہرہ خان نے ہنستے ہوئے کہا کہ اُن کے شوہر سلیم کریم کئی سال تک انہیں شادی کے لیے آمادہ کرتے رہے، تاہم انہوں نے اس عرصے کی مدت واضح نہیں کی۔

ماہرہ کے مطابق سلیم کریم ایک کم گو اور شرمیلے انسان ہیں، اسی لیے وہ زیادہ تر تقریبات اور پروگرامز میں ان کے ساتھ نظر نہیں آتے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ایک موقع پر جب وہ اپنے شوہر کے ساتھ لندن گئیں تو لوگوں نے انہیں فوراً پہچان لیا اور سب یہی کہنے لگے کہ “آپ ماہرہ سلیم کریم ہیں”، جس کے بعد اُن کے شوہر نے عوامی تقریبات میں آنا کم کر دیا۔

ماہرہ نے مزید کہا کہ ان کی شادی کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ان کے شوہر کو ہر کوئی پہچاننے لگا، حالانکہ وہ کیمرے سے دور رہنے والے شخص ہیں اور اس شہرت کے عادی نہیں۔

اداکارہ نے خواہش ظاہر کی کہ کاش ان کے شوہر بھی اُن کی طرح جذباتی، رومانی اور اپنے دل کی بات جلدی بیان کرنے والے ہوتے۔

ماہرہ نے بتایا کہ شادی کے بعد یہ اُن کی دوسری عید الاضحیٰ ہے اور ازدواجی زندگی میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی، سب کچھ پہلے جیسا ہی چل رہا ہے۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان نے اکتوبر 2023 میں معروف کاروباری شخصیت سلیم کریم کے ساتھ دوسری شادی کی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے 2007 میں علی عسکری سے شادی کی تھی، جس سے ان کا ایک بیٹا اذلان ہے۔ یہ شادی 2015 میں طلاق پر ختم ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں