لاہور۔پاکستانی سینما کی تاریخ میں ایک نئی مثال قائم کرتے ہوئے ہارر فلم “دیمک” نے عیدالاضحیٰ پر غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے۔ صرف ابتدائی دو دنوں میں 7 کروڑ روپے کا بزنس کر کے یہ فلم عید کے سنیما میلے کی سب سے بڑی کامیابی بن کر ابھری ہے۔
جیو فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم نے نہ صرف ناظرین کو خوفزدہ کیا بلکہ اپنی سنجیدہ کہانی، ڈرا دینے والے مناظر اور جذباتی گہرائی سے انہیں مکمل طور پر اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ فلم کی مقبولیت کا یہ عالم ہے کہ دیکھنے والے دوسرے لوگوں کو بھی اسے دیکھنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔
ثمینہ پیرزادہ کی شاندار اور یادگار اداکاری نے فلم میں جان ڈال دی ہے، جس کے باعث “دیمک” پاکستانی سنیما کی سب سے کامیاب ہارر فلم قرار دی جا رہی ہے۔ اس فلم نے وحشت، تجسس، ماورائی عناصر (جنات) اور خاندانی تعلقات کے الجھے ہوئے پہلوؤں کو اس انداز سے پیش کیا ہے کہ شائقین کے لیے یہ ایک بالکل نیا تجربہ بن گیا ہے۔
ایگزیکٹو پروڈیوسر سید مراد علی، ہدایتکار رافع راشدی اور مصنفہ عائشہ مظفر کی تخلیقی ٹیم نے “دیمک” کو محض ایک خوفناک فلم نہیں بلکہ ایک گہرے پیغام والی سنیما پیشکش بنایا ہے، جس میں معاشرتی مسائل اور انسانی جذبات کو بھی خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا ہے۔
فلم کی مرکزی کاسٹ میں نامور فنکار فیصل قریشی، سونیا حسین، ثمینہ پیرزادہ، جاوید شیخ، بشریٰ انصاری اور دیگر سینئر اداکار شامل ہیں، جنہوں نے اپنی عمدہ پرفارمنس سے ناظرین کو متاثر کیا۔
“دیمک” کو “مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ” کے تعاون سے ملک بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے، اور یہ فلم تیزی سے کامیابی کے نئے سنگِ میل عبور کر رہی ہے۔
فلم بینوں نے “جیو فلمز” کی اس پیشکش کو بے حد سراہا ہے اور اسے بالی وڈ کی بہترین ہارر فلموں کے مقابلے کی فلم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اداکاروں نے اپنی اداکاری کے جوہر خوب دکھائے ہیں۔
یاد رہے کہ جیو فلمز اس سے پہلے بھی کئی کامیاب فلمیں جیسے کہ “خدا کے لیے”، “بول”، “طیفا اِن ٹربل”، “دی لیجنڈ آف مولا جٹ”، “ڈونکی کنگ” اور “گلاس ورکر” جیسے معیاری فلمی شاہکار پیش کر چکا ہے۔