آئی سی سی نے ثناء میر کو ہال آف فیم میں شامل کرلیا

لاہور۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان ویمنز ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کر لیا۔ ثناء میر پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر ہیں جن کو اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

آئی سی سی کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق پیر کے روز آئی سی سی کی جانب سے آئی سی سی ہال آف فیم سات نئے کرکٹرز کو شامل کیا گیا۔

لندن میں ایبے روڈ اسٹوڈیوز میں منعقد ایک تقریب میں چیئرمین جے شاہ نے ہال آف فیم میں شامل ہونے والے سات نئے ممبرز کو خوش آمدید کہا۔

ہال آف فیم میں شامل کیے جانے پر ثنا میر کا کہنا تھا کہ آج اس مقام پر ان لوگوں کے ساتھ کھڑا ہونا جن کو بیٹ تھامنے سے قبل آئیڈل بنایا تھا ایک ایسا لمحہ ہے جس کو تصور کرنے کی وہ ہمت بھی نہیں کر سکتی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس عزت افزائی کے لیے انتہائی مشکور ہیں اور امید کرتی ہیں کہ وہ اس کھیل کو کسی بھی طرح کچھ دے سکیں۔

واضح رہے ثنا میر نے اپنے وائٹ بال کیریئر (ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ فارمیٹ) میں مجموعی طور پر 240 وکٹیں حاصل کیں اور 2432 رنز اسکور کیے۔

ثنا میر کے علاوہ میتھیو ہیڈن (آسٹریلیا)، ہاشم آملا (جنوبی افریقا)، ایم ایس دھونی (بھارت)، گریم اسمتھ (جنوبی افریقا)، ڈینیئل ویٹوری (نیوزی لینڈ) اور سارہ ٹیلر (انگلینڈ) کو بھی ہال آف فیم میں شامل کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں