لندن : پارلیمانی وفد کے سربراہ اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے لندن میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور تمام مسائل کا حل صرف بات چیت سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، اور پاکستان کی عسکری طاقت دنیا نے دیکھ لی ہے، اس کے باوجود پاکستان امن کا پرچار کرتا ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے جنگ جیتی اور اسی بنیاد پر انہیں فیلڈ مارشل کا اعزاز دیا گیا۔
بلاول بھٹو نے بھارت کے رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت کا بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہے، حتیٰ کہ اس کی جنگ بھی جھوٹ پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور باوجود اس کے، ہم اب بھی امن کی بات کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارت کی دھمکیوں پر بھی شدید ردعمل دیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا، یہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جس کے دونوں ممالک پابند ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی بند کیا تو یہ اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا۔
اختتام پر بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کو دہشت گردی اور کشمیر جیسے اہم معاملات پر بات چیت کے لیے تیار ہونا ہوگا کیونکہ یہی خطے میں پائیدار امن کا واحد راستہ ہے۔