اسلام آباد : سعودی عرب سے پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا عمل باضابطہ طور پر شروع ہوگیا ہے۔ قومی ایئرلائن کی پہلی حج پرواز PK-732 جدہ سے 340 عازمین حج کو لے کر صبح 3:12 پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی۔
ایئرپورٹ منیجر آفتاب گیلانی کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزارت مذہبی امور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر، ڈائریکٹر حج اور ایئرپورٹ حکام نے عازمین کا پرتپاک استقبال کیا۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے حاجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے حج کے دوران بہترین سہولیات فراہم کیں اور آئندہ سال اس سے بھی بہتر انتظامات کیے جائیں گے۔ حاجیوں نے بھی وزارت مذہبی امور کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہا اور سعودی حکومت کی معاونت کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
ایئرپورٹ منیجر کے مطابق پوسٹ حج آپریشن 10 جولائی تک جاری رہے گا جس کے دوران 30 ہزار سے زائد پاکستانی حجاج اسلام آباد واپس پہنچیں گے۔ ایک ہفتے بعد مدینہ منورہ سے بھی واپسی کی پروازیں شروع ہوں گی۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پوسٹ حج آپریشن کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ حجاج کو وطن واپسی پر ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔