قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف قراردادیں متفقہ طور پر منظور

اسلام آباد۔قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمتی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں وزیرِ پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بجٹ پر جاری بحث کو مؤخر کرنے کی تحریک پیش کی۔ ایوان نے یہ تحریک منظور کرتے ہوئے معمول کی کارروائی ملتوی کر دی۔

اسپیکر ایاز صادق نے اجلاس کے دوران ایران پر اسرائیلی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسے ناقابلِ قبول اقدام قرار دیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سید نوید قمر نے تحریک انصاف کے رکن ملک عامر ڈوگر اور قائدِ حزب اختلاف عمر ایوب کو ایک مشترکہ قرارداد کا مجوزہ متن پیش کیا، جسے بعد ازاں ایوان نے مکمل اتفاقِ رائے سے منظور کر لیا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی پارلیمان ایران پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کرتی ہے، جو کہ ایرانی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ قرارداد میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی حکومت، عوام اور پارلیمان ایران کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان ایرانی فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، اور ایرانی سائنسدانوں و اعلیٰ فوجی افسران کی شہادتوں پر اسرائیل کی کارروائیوں کو قابلِ افسوس اور قابلِ مذمت قرار دیتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں