اسلام آباد۔پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی ثنا میر نے ایک اور نمایاں اعزاز اپنے نام کر لیا۔
گزشتہ روز لارڈز کے تاریخی میدان میں جاری ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے دوران انہوں نے روایتی گھنٹی بجا کر میچ کا آغاز کیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔
یہ اہم مقابلہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری ہے اور دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ثنا میر کو ہال آف فیم میں شامل کیا تھا، یوں وہ اس اعزاز تک پہنچنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کھلاڑی بنیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس موقع پر کہا تھا کہ “ثنا میر کا آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونا ہر پاکستانی بیٹی کی جیت ہے۔”
ثنا میر نے اپنا ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر دسمبر 2005 میں کراچی میں سری لنکا کے خلاف شروع کیا، جب کہ ان کا آخری ون ڈے میچ نومبر 2019 میں لاہور میں بنگلادیش کے خلاف تھا۔
انہوں نے مجموعی طور پر 226 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی، جن میں سے 137 میچوں میں وہ ٹیم کی کپتان بھی رہیں (2009 سے 2017 تک)۔
ثنا میر نے 120 ون ڈے میچز میں 151 وکٹیں حاصل کیں اور 1630 رنز بھی اسکور کیے، جو ان کے آل راؤنڈر کی حیثیت کو ظاہر کرتا ہے۔