قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کی مقبول ترین ٹی ٹوئنٹی لیگ، بگ بیش لیگ (BBL) میں شمولیت کا معاہدہ کر لیا ہے۔
تصویری اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بگ بیش کی معروف فرنچائز سڈنی سکسرز نے باضابطہ طور پر بابر اعظم کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کی ہے۔ پوسٹ میں ممکنہ طور پر ان کی ٹیم کٹ بھی دکھائی گئی ہے، جس سے مداحوں میں جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔
فرنچائز کی جانب سے معاہدے کی مکمل تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی، تاہم بابر اعظم کی شمولیت کو سڈنی سکسرز کے لیے بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم سمیت متعدد قومی کھلاڑیوں کو مختلف غیر ملکی لیگز میں شرکت کے لیے این او سی جاری کیے تھے۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق بابر اعظم کو بگ بیش لیگ میں شرکت کے لیے 14 دسمبر سے 28 جنوری تک این او سی دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو بھی بی بی ایل میں شرکت کے لیے این او سی جاری کیا گیا ہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں محمد عامر کو ایسیکس کاؤنٹی کے لیے 18 جولائی تک، شان مسعود کو لیسٹر شائر کے لیے یکم ستمبر تک، اور حسن علی کو واروکشائر کاؤنٹی کے لیے 30 ستمبر تک این او سی جاری کیا گیا ہے۔