تہران ۔ایران اور اسرائیل کے درمیان شدت اختیار کرتی کشیدگی کے دوران ایران کی بااثر فوجی فورس پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل کو سخت تنبیہ کی ہے کہ عنقریب “خیبر” نامی جدید میزائل داغا جائے گا، جس کے اثرات سے پوری دنیا حیران رہ جائے گی۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایرانی افواج ان مخصوص اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنا رہی ہیں، جہاں سے ایران اور فلسطینی علاقوں کے خلاف جارحانہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ “آپریشن وعدہ صادق سوم” کے دائرے میں اسرائیل کی فوجی تنصیبات، اسلحہ سازی کے مراکز اور اہم اڈے میزائل حملوں کی زد میں ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اسرائیلی حکومت کے دعوے حقیقت سے بعید ہیں، کیونکہ ایرانی میزائل اپنی منزل پر کامیابی سے پہنچ رہے ہیں۔ یہ حملے اسرائیلی مظالم، خاص طور پر معصوم جانوں کے ضیاع کا بدلہ ہیں۔
ایرانی افواج نے سخت پیغام دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر ایران کی خودمختاری یا سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق ہوا تو اس کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ “ایران کی سلامتی ہماری سرخ لکیر ہے، اور جو کوئی اس لکیر کو پار کرے گا اسے اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔”
اعلامیے میں “خیبر” میزائل کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ ایک جدید ترین اور انتہائی طاقتور ہتھیار ہے، جسے بہت جلد اسرائیل پر داغا جائے گا۔ اس کارروائی کے نتائج اسرائیل کے لیے ایک حیرت انگیز اور تکلیف دہ موڑ ثابت ہوں گے۔