نئی دہلی ۔معروف بھارتی اداکارہ اور رئیلیٹی شو بگ باس او ٹی ٹی سیزن 3 کی فاتح ثنا مقبول کو جگر کی سنگین بیماری لاحق ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کو جگر سروسس (Liver Cirrhosis) کی تشخیص ہوئی ہے، ایک ایسی کیفیت جس میں جگر کی بافتیں مستقل طور پر متاثر ہو کر داغ دار ہو جاتی ہیں، اور جگر اپنی کارکردگی کھونے لگتا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ثنا مقبول نے بتایا کہ وہ کچھ عرصے سے آٹو امیون ہیپاٹائٹس سے نبرد آزما ہیں، تاہم اب ان کی طبیعت مزید بگڑ چکی ہے۔ اداکارہ کے بقول، ’’میرا مدافعتی نظام خود میرے جگر پر حملہ آور ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں اب مجھے جگر سروسس ہو چکا ہے۔‘‘
ثنا مقبول نے بتایا کہ انہوں نے امیونو تھراپی کا آغاز کر دیا ہے اور مکمل طور پر اپنی صحت پر توجہ دے رہی ہیں۔ ’’اگرچہ یہ بیماری اچانک سامنے نہیں آئی، لیکن حالیہ دنوں میں اس میں تیزی سے بگاڑ آیا، جس کی وجہ سے میں نے کام سے وقتی کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔‘‘
اداکارہ نے اپنی حالت کے باوجود حوصلہ نہیں ہارا اور مداحوں سے دعاؤں اور مثبت سوچ کی اپیل کی ہے۔