ازبکستان: گوجرانوالہ کے سپوت اور پاکستان کے فخر نوح دستگیر بٹ نے ایک بار پھر تاریخ رقم کر دی، ازبکستان میں ہونے والی ورلڈ اسٹرانگ مین چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو طلائی تمغے اپنے نام کر لیے۔
نوح دستگیر بٹ نے نہ صرف 2024 کی چیمپئن شپ میں دو گولڈ میڈل جیتے بلکہ مسلسل دوسری بار ورلڈ اسٹرانگ مین کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ وہ اس سے قبل بھی 2023 میں یہ ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں۔
بطور دفاعی چیمپئن، نوح دستگیر بٹ نے ایونٹ کے ابتدائی مراحل میں ہی تمام پوائنٹس حاصل کر کے اپنی برتری ثابت کر دی۔ انہوں نے انتہائی پراعتماد انداز میں تمام مقابلوں میں حصہ لیا اور مدِ مقابل کھلاڑیوں پر واضح سبقت حاصل کی۔
گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی ان کی شاندار فٹنس، مہارت اور طاقت نے انہیں فاتح کے منصب پر فائز کیا۔ نوح دستگیر بٹ کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے شہر گوجرانوالہ بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔
پاکستانی عوام کی جانب سے نوح دستگیر بٹ کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے اور حکومتی سطح پر بھی ان کی کامیابی کو سراہا جا رہا ہے۔