ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کی میزبانی؛ آئی سی سی کا بھارت کو صاف انکار

اسلام آباد ۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنلز کی میزبانی کے لیے دی گئی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، بی سی سی آئی نے 2027، 2029 اور 2031 کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنلز کی میزبانی کے لیے درخواست دی تھی، تاہم آئی سی سی نے فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ تینوں فائنلز انگلینڈ میں ہی منعقد کیے جائیں گے۔

برطانوی اخبار “ٹیلی گراف” کی رپورٹ کے مطابق، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ان تمام فائنلز کی میزبانی کے لیے پہلے ہی آئی سی سی کو باضابطہ طور پر اپنی تیاریوں سے آگاہ کر دیا تھا۔

یہ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے دو فائنلز بھی انگلینڈ میں کھیلے گئے تھے — 2021 میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے کر ابتدائی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، جبکہ 2023 میں آسٹریلیا نے اوول میں بھارت کو ہرایا تھا۔

موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025 کا فائنل آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان لندن کے تاریخی لارڈز گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں افریقی ٹیم کو تیسرا ٹائٹل جیتنے کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ اگرچہ انگلینڈ کو مسلسل تیسری بار فائنل کی میزبانی دی گئی ہے، لیکن اب تک کوئی بھی موقع ایسا نہیں آیا جب انگلش ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر فائنل کھیلنے کے لیے کوالیفائی کر سکی ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں