تہران: ایران اور اسرائیل کے درمیان شدت اختیار کرتی کشیدگی کے تناظر میں ایران کی طاقتور عسکری تنظیم پاسداران انقلاب نے اسرائیل کو سنگین نتائج کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد “خیبر” میزائل داغے جائیں گے، جن کے اثرات پوری دنیا کو حیرت میں ڈال دیں گے۔
پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری تازہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی افواج اسرائیل کے ان مراکز کو نشانہ بنا رہی ہیں جہاں سے ایران اور فلسطینیوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ “آپریشن وعدہ صادق سوم” کے تحت اسرائیلی دفاعی تنصیبات، اسلحہ تیار کرنے والی فیکٹریاں اور فوجی اڈے مسلسل میزائل حملوں کی زد میں ہیں۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام کی تردید کے باوجود ایرانی میزائل اپنے اہداف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا رہے ہیں، اور یہ جوابی کارروائیاں اُن مظلوموں کے خون کا حساب ہیں جو اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بنے۔
ایرانی افواج نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملکی سلامتی پر کوئی بھی حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پاسداران انقلاب نے دو ٹوک الفاظ میں خبردار کیا کہ “ایران کی سیکیورٹی ایک سرخ لکیر ہے، اور جو کوئی بھی اس حد کو عبور کرے گا، اُسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔”
بیان میں “خیبر” میزائل کا بھی خاص طور پر ذکر کیا گیا ہے، جسے ایک جدید، طاقتور اور فیصلہ کن ہتھیار قرار دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق، یہ میزائل عنقریب اسرائیلی حدود میں داغا جائے گا، اور یہ حملہ اسرائیل کے لیے ایک “حیرت انگیز موڑ” ثابت ہو گا۔