باجوڑ: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی اور رکن قومی اسمبلی مبارک زیب خان کے گھر پر ایک بار پھر راکٹ حملہ کیا گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، راکٹ حملے سے گھر کے مرکزی دروازے کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچے، شواہد اکٹھے کیے اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ایم این اے مبارک زیب خان کے گھر کو نشانہ بنایا گیا ہو؛ اس سے قبل بھی ان پر حملوں کی متعدد کوششیں کی جا چکی ہیں۔
حملے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں، جبکہ پولیس اور حساس ادارے حملہ آوروں کی تلاش میں سرگرمِ عمل ہیں۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔