لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ خون عطیہ کرنے والے افراد صرف کسی ایک انسان کے نہیں بلکہ پورے معاشرے کے حقیقی محسن ہوتے ہیں۔
انٹرنیشنل بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس انسان دوست عمل میں بڑھ چڑھ کر شریک ہوں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ خون کا عطیہ درحقیقت کسی کی زندگی بچانے کا ذریعہ ہوتا ہے، اور ہر سال لاکھوں افراد کی جانیں محفوظ خون کی بروقت فراہمی کے باعث بچائی جا رہی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ خون دینے والے افراد نہ صرف کسی مریض یا اُس کے اہلِ خانہ کے لیے امید کی کرن ہوتے ہیں بلکہ وہ معاشرتی خدمت کی اعلیٰ مثال بھی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں ملک کا پہلا مکمل ورچوئل بلڈ بینک قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے صرف “4” دبانے سے فوری طور پر خون عطیہ کرنے والے سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ورچوئل نظام نے مریض اور ڈونر کے درمیان ایک مؤثر رابطے کا کردار ادا کیا ہے تاکہ ضرورت کے وقت محفوظ اور فوری خون کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اپنے پیغام کے آخر میں مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلڈ ڈونر 15 ہیلپ لائن، سیف سٹی کی ویب سائٹ یا قریبی پولیس خدمت مرکز پر رجسٹریشن کروا کر خون عطیہ کرنے کے مشن میں شامل ہوں، کیونکہ خون کا ہر قطرہ کسی کی زندگی کا پیام بن سکتا ہے۔