لاہور۔لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردیں۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 16 جون کو سماعت کرے گا ۔ رجسٹرار آفس نے کیسز کی کازلسٹ جاری کردی۔ عدالت نے وکلاء کو دلائل کیلئے طلب کرلیا۔
بانی پی ٹی آئی نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے ضمانتیں دائر کررکھی ہیں۔ جناح ہاؤس، عسکری ٹاور، جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات شامل ہیں۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ پولیس نے سیاسی بنیادوں پر مقدمات میں نامزد کیا ہے ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس ضمانتیں خارج کیں۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کرے۔