لاہور۔شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کومل میر نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ اگر انہیں انتخاب کرنا پڑے تو وہ ایک امیر لیکن بے وفا شخص کو ترجیح دیں گی۔
انٹرویو کے دوران میزبان نے کومل میر سے دریافت کیا کہ اگر انتخاب دیا جائے تو وہ پیار کو ترجیح دیں گی یا دولت کو؟ جس پر اداکارہ نے بلا جھجک دولت کو اہم قرار دیا۔
میزبان نے اگلا سوال کیا کہ اگر انتخاب ہو ایک غریب مگر وفادار شخص یا ایک امیر اور بے وفا انسان کے درمیان، تو وہ کس کا انتخاب کریں گی؟ اس پر کومل میر نے جواب دیا کہ “آج کے دور میں وفاداری ناپید ہے، اس لیے میں امیر اور بے وفا شخص کو چنوں گی۔”
اداکارہ کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئی ہیں۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ کومل میر نے ایماندارانہ رائے دی ہے اور ایسی صاف گوئی قابل تعریف ہے، جبکہ کچھ صارفین نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ امیر آدمی سے دھوکہ کھائیں گی، تو یہی انٹرویو یاد آئے گا۔
یاد رہے کہ کومل میر حال ہی میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ‘اے دل’ میں مرکزی کردار ‘ملیحہ’ کے روپ میں جلوہ گر ہوئیں، جہاں اُن کے ساتھ اداکار اذان سمیع خان بھی نظر آئے۔
اس سے قبل ایک انٹرویو میں کومل میر نے بتایا تھا کہ وہ بین الاقوامی گلوکار زین ملک پر فدا تھیں اور ان کی تصاویر کو اپنی تصویروں کے ساتھ جوڑ کر کولاج بھی بنایا کرتی تھیں، حتیٰ کہ انہیں ڈائریکٹ میسج (DM) بھی کیا تھا۔
ایک پرستار کے سوال کے جواب میں کہ وہ اپنی شادی کے دن کون سا لباس زیب تن کریں گی، کومل میر نے کہا کہ وہ روایتی سرخ رنگ کا جوڑا پہننے کی خواہش رکھتی ہیں اور سادہ سا میک اپ پسند کریں گی۔