شمالی وزیرستان میں

سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی ۔سیکیورٹی فورسز نے 15 اور 16 جون کے دوران خیبر پختونخوا میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ خوارج کے خلاف دو علیحدہ انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشنز انجام دیے، جن کے دوران مجموعی طور پر 5 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، پشاور میں خفیہ اطلاع پر کی جانے والی کارروائی میں 4 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا، جن میں نمایاں نام خارجی حارث اور خارجی بصیر شامل ہیں۔

دوسری کارروائی شمالی وزیرستان میں عمل میں لائی گئی، جہاں ایک اور بھارتی سرپرست خارجی مارا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ان آپریشنز کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولیاں اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا۔ مارے گئے خوارج متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں براہِ راست ملوث تھے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز بھی مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا بھارتی حمایت یافتہ عناصر کی باقیات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے امن و امان بحال رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں