لاہور۔قومی کھلاڑیوں کی مہارتوں میں نکھار کے لیے لاہور میں اسکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کا آغاز ہو گیا ہے، جس میں ابتدائی طور پر 15 کرکٹرز کو مدعو کیا گیا ہے۔ یہ کیمپ ایل سی سی اے کرکٹ گراؤنڈ میں جاری ہے جہاں کھلاڑیوں کی فیلڈنگ، بیٹنگ اور فٹنس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
صبح کے سیشن میں کھلاڑیوں نے فیلڈنگ ڈرلز میں بھرپور حصہ لیا، جن میں بابر اعظم اور محمد رضوان بھی نمایاں طور پر ایکشن میں دکھائی دیے۔ بیٹنگ اسکلز کو بہتر بنانے کے لیے بیٹنگ کوچ حنیف ملک اور این سی اے کے ماہر کوچز کی زیر نگرانی سیشنز منعقد کیے گئے۔
کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس پر بھی بھرپور کام کیا جا رہا ہے، جس کے تحت جم ورک اور جسمانی مشقوں کا خصوصی سیشن بھی شامل رہا۔
اس تربیتی کیمپ کے پہلے مرحلے میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں:
ابرار احمد، احمد دانیال، بابر اعظم، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد عباس آفریدی، عامر جمال، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان مرزا اور سفیان مقیم۔
اسکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کے دوسرے مرحلے کا آغاز 23 جون سے ہوگا جبکہ تیسرا مرحلہ 30 جون سے شروع کیا جائے گا۔