لاہور۔پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حمائمہ ملک ایک بار پھر اپنی پر اثر اور پر اسرار سوشل میڈیا پوسٹس کے باعث خبروں کی زینت بن گئیں۔ حالیہ دنوں میں اداکارہ کی جانب سے محبت، خود اعتمادی اور خود سے وابستگی کے موضوع پر کی گئی پوسٹس کو سوشل میڈیا پر خوب توجہ مل رہی ہے۔
چند روز قبل، حمائمہ نے ایک جذباتی کیپشن کے ساتھ انکشاف کیا تھا کہ “آخرکار مجھے بھی محبت مل گئی ہے” — اس جملے نے ان کے مداحوں کو تجسس میں مبتلا کر دیا۔ تاہم اداکارہ نے کسی کا نام لیے بغیر یہ بات کی، جس کے بعد قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
اس اعلان کے بعد، اداکارہ نے ایک اور تصویر پوسٹ کی جس میں وہ سبز اور پیلی چوڑیاں پہنے نظر آئیں۔ تصویر کے کیپشن میں لکھا تھا:
“میں اس کی پسند تھی۔۔۔۔۔۔ ہوں۔اور ساتھ ہی سرخ دل کا ایموجی شامل کیا گیا، جس نے اس محبت بھرے پیغام کو مزید واضح کر دیا۔
اب، حمائمہ ملک نے اپنی ایک اور پوسٹ شیئر کی ہے جس میں وہ ٹی شرٹ پہنے ہوئے نظر آتی ہیں، اور اس بار انہوں نے محبت کا رخ خود کی جانب موڑ دیا ہے۔ کیپشن میں انہوں نے اپنے چاہنے والوں کے لیے ایک حوصلہ افزا اور خود اعتمادی سے بھرپور پیغام دیا:
“جلدی اٹھو، شاور لو، اپنی چوٹیاں بناو¿ اور وہ لباس پہنو جو تمہیں آئینے میں دیکھ کر مسکرانے پر مجبور کرے۔ رقص کرو، جیسے تم آزاد ہو، بے فکر ہو — اس لیے نہیں کہ کسی نے کہا، بلکہ اس لیے کہ اپنے لیے جینا سب سے خوبصورت جذبہ ہے۔”
حمائمہ نے مزید کہا”خوبصورت محسوس کرنے کے لیے تمہیں کسی ایک خاص شخص کی ضرورت نہیں، اور نہ ہی اپنی قدر منوانے کے لیے کسی کی منظوری کی۔ تم پہلے ہی مکمل ہو — مہربان، طاقتور اور روشنی سے بھری ہوئی۔”
انہوں نے اپنے فالوورز کو یاد دہانی کراتے ہوئے لکھا:”جو محبت تم خود سے کرتی ہو، وہی سب سے طاقتور ہے۔ دنیا شاید ہمیشہ یہ نہ دکھائے، مگر تم دیکھی جا رہی ہو، تم سے محبت کی جاتی ہے — اور تم جیسی ہو، بالکل ویسی ہی کافی ہو۔”
حمائمہ ملک کی یہ پوسٹس جہاں ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے سوالات کو جنم دے رہی ہیں، وہیں ان کے مثبت پیغامات خاص طور پر نوجوانوں میں خود اعتمادی اور خود سے محبت کے جذبات کو ابھارنے کا باعث بن رہے ہیں۔