نئی دہلی ۔عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی رواں سال دسمبر میں ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے ساتھ بھارت کے دورے پر پہنچیں گے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق، فیفا ورلڈکپ جیتنے والی ارجنٹائن ٹیم کے کپتان لیونل میسی کا یہ یادگار دورہ 13 سے 15 دسمبر تک جاری رہے گا، جس میں وہ کولکتہ، دہلی اور ممبئی کا سفر کریں گے۔ ان شہروں میں ان کے اعزاز میں مختلف تقاریب منعقد ہوں گی جن کا مقصد ان کی شاندار فٹبال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
اس دورے کا آغاز کولکتہ سے ہوگا، جہاں ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں ایک خصوصی تقریب میں لیجنڈری کھلاڑی کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔ اطلاعات ہیں کہ اس موقع پر مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی بھی موجود ہوں گی۔
کولکتہ میں لیونل میسی ایک فٹبال کلینک کا باقاعدہ افتتاح کریں گے، جب کہ ان کے اعزاز میں ایک سات رکنی نمائشی فٹبال ٹورنامنٹ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
کولکتہ کے بعد ان کا اگلا پڑاؤ دہلی ہوگا، جہاں ان کی بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی سے ملاقات کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ وہ جواہر لال نہرو اسٹیڈیم یا فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ کا دورہ بھی کر سکتے ہیں۔
بھارت کے اس تاریخی دورے کا آخری مرحلہ ممبئی میں مکمل ہوگا، جہاں لیونل میسی ایک خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کی ملاقات بھارتی کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر سے بھی ہوگی۔