میڈرڈ۔اسپین کے معروف فٹبالر لامین یامل کے ساتھ مبینہ تعطیلات گزارنے کی تصاویر سامنے آنے کے بعد 30 سالہ ایئرہوسٹس اور سوشل میڈیا انفلوئنسر فاٹی وازکوز کو شدید تنقید کا سامنا ہے، اور اب انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بارسلونا فٹبال کلب کے 17 سالہ نوجوان فارورڈ لامین یامل کے ساتھ ربط میں آنے کی خبروں کے بعد فاٹی وازکوز کو سوشل میڈیا پر نفرت انگیز رویوں، ہراسانی اور سنگین الزامات کا سامنا ہے۔
فاٹی وازکوز اور کم عمر فٹبالر کے ہمراہ چھٹیاں مناتے ہوئے تصاویر اور ویڈیوز منظرِ عام پر آنے کے بعد یہ معاملہ شدید تنازع کا باعث بن گیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے نہ صرف خاتون انفلوئنسر کو تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ انہیں دھمکی آمیز پیغامات بھی بھیجے جا رہے ہیں۔
خاتون پر ایک نابالغ کھلاڑی کے ساتھ نامناسب تعلق قائم کرنے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے، جو کئی صارفین کے مطابق اخلاقی اور قانونی حدود کی خلاف ورزی ہے۔ یورپ میں متعدد قوانین کے تحت 18 سال سے کم عمر افراد کے ساتھ تعلقات، چاہے باہمی رضامندی پر ہی مبنی کیوں نہ ہوں، اخلاقی طور پر متنازع اور قانونی طور پر قابلِ گرفت سمجھے جاتے ہیں۔
اس تنازع کے باوجود، لامین یامل کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔
دریں اثنا، سوشل میڈیا پر فاٹی وازکوز کو سخت نکتہ چینی کا سامنا ہے، جہاں متعدد افراد نہ صرف نازیبا تبصرے کر رہے ہیں بلکہ ان کی کردار کشی کی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔