لاہور۔آسٹریلیا کی معروف ٹی20 کرکٹ لیگ، بگ بیش لیگ (BBL) میں پاکستان کے صفِ اول کے کرکٹرز کی شمولیت سے لیگ کی رونقیں دوبالا ہو گئیں۔ بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، شاداب خان، حسن علی اور حسان خان کو مختلف فرنچائزز نے اپنی ٹیموں میں شامل کر لیا ہے، جن میں سے کئی کھلاڑی پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب ہوئے ہیں۔
لیگ میں پہلی بار شرکت کرنے والے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو برسبین ہیٹ نے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے، جبکہ تیز رفتار بولر حارث رؤف ایک بار پھر میلبورن اسٹارز کی نمائندگی کریں گے۔
پاکستانی وکٹ کیپر اور اسٹائلش بیٹر محمد رضوان کو میلبورن رینیگیڈز نے منتخب کیا ہے، اسی ٹیم میں آل راؤنڈر حسان خان بھی شامل ہیں، جو لیگ میں پاکستان کی نوجوان صلاحیتوں کی نمائندگی کریں گے۔
آل راؤنڈر شاداب خان کی شمولیت سڈنی تھنڈر میں ہوئی ہے، جہاں وہ اپنی جارحانہ بیٹنگ اور اسپن بولنگ کے ذریعے ٹیم کو تقویت فراہم کریں گے۔
پاکستان کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ بیٹر بابر اعظم کی بگ بیش لیگ میں انٹری پہلے ہی سڈنی سکسرز کے ساتھ کنفرم ہو چکی تھی، اور اب وہ اس فرنچائز کی جانب سے لیگ میں شرکت کریں گے۔
فاسٹ بولر حسن علی کو ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے اپنی ٹیم میں شامل کر لیا ہے، جہاں وہ اپنے تجربے سے ٹیم کی بولنگ لائن اپ کو مضبوطی فراہم کریں گے۔
پاکستانی کرکٹرز کی بڑی تعداد میں بی بی ایل میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی سطح پر ان کی کارکردگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ مداح اب آسٹریلوی میدانوں میں اپنے پسندیدہ ستاروں کو ایکشن میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔