ایشین والی بال، پاکستان کوارٹر فائنل میں داخل

اسلام آباد ۔بحرین میں جاری ایشین والی بال نیشنز کپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے یعنی کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

چائنیز تائپے کی فلپائن کے خلاف فتح نے پاکستان کی اگلے مرحلے میں رسائی کو یقینی بنا دیا۔ قومی ٹیم نے ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں فلپائن کو 1-3 سے شکست دی تھی، جس کے بعد کوارٹر فائنل تک رسائی کی راہ ہموار ہو گئی۔

اب پاکستان کا دوسرا گروپ میچ آج چائنیز تائپے کے خلاف کھیلا جائے گا، جو گروپ میں سرفہرست پوزیشن کے تعین کے لیے فیصلہ کن ہوگا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم گروپ کی ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہو جائے گی۔

پاکستانی ٹیم کی جاندار کارکردگی پر شائقینِ والی بال نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے، اور قومی کھلاڑیوں کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں