مہاجر ہونا کوئی جرم نہیں، اپنی مٹی چھوڑنا بہت کرب ناک مجبوری ہے، مریم نواز

لاہور۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مہاجرت کوئی جرم نہیں بلکہ ایک اذیت ناک مجبوری ہوتی ہے جس کا سامنا انسان کو اپنی جان بچانے کے لیے کرنا پڑتا ہے۔

عالمی یومِ پناہ گزیں کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کوئی شخص شوق سے مہاجر نہیں بنتا، حالات کے جبر اور زندگی کی بقا کی خاطر لوگوں کو اپنا وطن، اپنا گھر اور اپنی زمین چھوڑنی پڑتی ہے۔ مہاجر بننا ایک تکلیف دہ فیصلہ ہوتا ہے، جسے لوگ خوشی سے نہیں بلکہ مجبوری میں اپناتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنگیں کبھی نہ کبھی ختم ہو جاتی ہیں، لیکن ان کے اثرات مہاجرین کی صورت میں نسلوں تک باقی رہتے ہیں۔ فلسطین اور شام کے لاکھوں بے گھر افراد پوری انسانیت کے ضمیر کے لیے ایک کڑا سوال ہیں۔ عالمی برادری کو سمجھنا ہوگا کہ پناہ مانگنے والے کمزور نہیں بلکہ مظلوم ہوتے ہیں، جنہیں تحفظ اور عزت درکار ہوتی ہے۔

مریم نواز نے اس موقع پر اس امر پر فخر کا اظہار کیا کہ پاکستان نے اپنے محدود وسائل کے باوجود مہاجرین کے لیے ہمیشہ کشادہ دلی اور عزت کے ساتھ میزبانی کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مظلوموں کی آواز بنتا رہا ہے اور آئندہ بھی پناہ گزینوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعلیٰ پنجاب نے دعا کی کہ دنیا بھر میں امن قائم ہو، ظلم کا خاتمہ ہو، اور ہر انسان کو تحفظ، عزت اور سکون کی زندگی نصیب ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں