چیئرمین پی سی بی کی صدر فیفا سے ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت

واشنگٹن ۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے فیفا (عالمی فٹبال تنظیم) کے صدر سے واشنگٹن میں ملاقات کی، جس میں پاکستان میں کرکٹ کے بعد فٹبال کی بڑھتی ہوئی مقبولیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے فیفا کے صدر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی، جسے فیفا صدر نے خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے جلد پاکستان آنے کا وعدہ کیا۔

اس سے قبل ذرائع نے اطلاع دی تھی کہ فیفا کے صدر رواں برس نومبر یا دسمبر میں پاکستان کا دورہ کر سکتے ہیں، جس کا مقصد ملک میں فٹبال کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور ممکنہ تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان میں نوجوانوں میں فٹبال کے رجحان میں واضح اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، اور مختلف بین الاقوامی ادارے ملک میں کھیلوں کے فروغ میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں