تل ابیب ۔ اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے سبب بین الاقوامی یہودی کھیلوں کا بڑا ایونٹ مکابیہ گیمز، جو آئندہ ماہ یروشلم میں منعقد ہونا تھا، ایک سال کے لیے مو¿خر کر دیا گیا ہے۔
منتظمین کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ ایونٹ جو 8 جولائی 2025 سے شروع ہونا تھا، اب 2026 کے موسم گرما میں منعقد کیا جائے گا۔
مکابیہ گیمز کے منتظمین نے اپنے بیان میں کہاہم اگلے سال آپ سے ملاقات کریں گے — پہلے سے زیادہ مضبوط، زیادہ متحد، اور اس بار اب تک کے سب سے زیادہ با معنی مکابیہ گیمز کے لیے۔”
مکابیہ گیمز کو یہودی اولمپکس بھی کہا جاتا ہے، جس میں دنیا بھر سے تقریباً 10,000 ایتھلیٹس کی شرکت متوقع تھی، جو دو ہفتوں تک مختلف کھیلوں میں حصہ لیتے۔ یہ ایونٹ چار سالہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوتا ہے، تاہم 2021 کا ایڈیشن بھی COVID-19 کی عالمی وبا کے باعث 2022 تک مو¿خر کیا گیا تھا۔
منتظمین نے اس ملتوی کرنے کی وجہ واضح طور پر مشرق وسطیٰ میں موجودہ سکیورٹی صورتحال اور ایران-اسرائیل کشیدگی کو قرار دیا ہے، جس کے سبب بڑی تعداد میں بین الاقوامی کھلاڑیوں اور تماشائیوں کی آمد ممکن نہ رہی۔