شہید بی بی کا وژن آج بھی مشعلِ راہ ہے، جمہوریت مضبوط کریں گے، صدر زرداری

اسلام آباد ۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن آج بھی ہماری رہنمائی کرتا ہے، اور ہم اسی وژن کی روشنی میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔

سابق وزیراعظم اور شہید رہنما بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں صدر زرداری نے اُن کی قومی خدمات اور عظیم قربانیوں کو پرخلوص الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت، انسانی وقار، اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے جس بے مثال عزم اور جدوجہد کا مظاہرہ کیا، وہ ملکی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ اُن کی قیادت نے آمریت کے خلاف مزاحمت کو نئی جِلا بخشی اور آئینی حکمرانی کی بحالی کی تحریکوں کو قوت دی۔

ان کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی، اور عوامی حاکمیت پر مکمل یقین رکھتی تھیں۔ ان کا ویژن، ان کی جدوجہد، اور عوام کے ساتھ اُن کی گہری وابستگی، پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے ایک قابلِ فخر ورثہ ہے۔

صدر زرداری نے مزید کہا کہ شہید بینظیر بھٹو ہمیشہ خواتین کی بااختیاری، کمزور طبقات کی آواز بلند کرنے، اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی داعی رہی ہیں۔ وہ ایک پرامن، ترقی یافتہ اور جمہوری پاکستان کے خواب کی علمبردار تھیں۔ اُن کی اصولی سیاست آج بھی ایک شفاف اور انصاف پسند معاشرے کے قیام کے لیے ایک مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔

اپنے پیغام کے اختتام پر صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید بی بی کے نظریات اور اصولوں کی پیروی کرتے ہوئے جمہوریت کے فروغ، آئینی بالادستی اور ہر شہری کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں