اسلام آباد ۔ آج 21 جون کو سال 2025 کا سب سے طویل دن اور سب سے مختصر رات ہو گی۔ ماہر فلکیات پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید اقبال کے مطابق، آج دن کا دورانیہ 13 گھنٹے 41 منٹ جبکہ رات کا دورانیہ 10 گھنٹے 19 منٹ ہوگا۔
ڈاکٹر جاوید کے مطابق، گرمیوں کے موسم میں عام طور پر دن لمبے اور راتیں چھوٹی ہو جاتی ہیں، لیکن 21 جون کو خاص طور پر شمالی نصف کرے میں سب سے طویل دن ہوتا ہے۔ یکم جولائی کے بعد دن کا دورانیہ بتدریج کم ہوتا چلا جاتا ہے اور 22 ستمبر کو دن اور رات تقریباً برابر ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زمین سورج کے گرد اپنے مدار میں گردش کرتی ہے، اور جب سورج راس الجدی (Tropic of Capricorn) کی طرف جھکتا ہے تو شمالی نصف کرے میں سردیوں کی شروعات ہوتی ہے، جس سے دن چھوٹے ہو جاتے ہیں۔ اس کے برعکس، گرمیوں میں سورج شمالی نصف کرے کے زیادہ قریب ہوتا ہے، جس کے باعث دن طویل ہو جاتے ہیں۔
پروفیسر جاوید کے مطابق، آئندہ تین دنوں تک طلوعِ آفتاب کا وقت تقریباً یکساں رہے گا، البتہ سورج کے غروب ہونے کا وقت ہر روز تھوڑا سا تبدیل ہوتا جائے گا۔