اسلام آباد۔ شہید بے نظیر بھٹو دیوان یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر اورنگ زیب خان نے کامسٹیک سیکرٹریٹ، اسلام آباد میں منعقدہ خصوصی وائس چانسلرز فورم میں شرکت کی۔ یہ فورم بنگلہ دیشی جامعات کے وائس چانسلرز کے اعزاز میں منعقد کیا گیا تھا۔
اس اہم فورم میں بنگلہ دیش کی نمایاں جامعات کے وائس چانسلرز کے علاوہ پاکستان کی 15 بہترین جامعات کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں بنگلہ دیش کے پاکستان میں ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان اور کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری بھی شریک ہوئے۔
فورم کا مقصد پاکستان اور بنگلہ دیش کی جامعات کے مابین تحقیق، اعلیٰ تعلیم، طلبہ اور فیکلٹی کے تبادلوں سمیت مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا تھا۔
اس موقع پر شہید بے نظیر بھٹو دیوان یونیورسٹی اور بنگلہ دیش کی نارتھ ساوتھ یونیورسٹی، اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی، ایشیاء پیسیفک یونیورسٹی اور ڈیفوڈل انٹرنیشنل یونیورسٹی کے درمیان طلبہ، تحقیق، اسکالرشپس اور فیکلٹی کے تبادلے کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے۔
یہ اقدامات دونوں ممالک کی جامعات کے درمیان دیرپا تعلیمی شراکت داری کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔