کوالالمپور: ہاکی نیشنز کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے دی۔
یہ فائنل میچ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں۔
میچ کے آغاز سے ہی پاکستانی ٹیم دباؤ میں دکھائی دی، اور پہلے کوارٹر کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے دو گول کی برتری حاصل کر لی۔
دوسرے کوارٹر میں بھی نیوزی لینڈ کا غلبہ برقرار رہا، اور وقفے تک اسکور 5-0 ہو چکا تھا، جب کہ پاکستانی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی۔
تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے بہتر کھیل پیش کیا اور چھٹے منٹ میں حیات ذکریا نے پہلا گول داغا۔ اس کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے حریف پر دباؤ بڑھایا لیکن نیوزی لینڈ نے مؤثر دفاع سے مزید گول روک لیے۔
چوتھے اور آخری کوارٹر میں پاکستان نے گول کرنے کی بھرپور کوشش جاری رکھی اور میچ کے اختتام سے ایک منٹ قبل دوسرا گول کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ تاہم، نیوزی لینڈ نے 6-2 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔