آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے والا نیا ملک کون سا ہے؟

ٹورنٹو۔کینیڈا نے بہاماس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں جگہ بنا لی ہے۔

امریکاز ریجنل کوالیفائر کے میزبان کینیڈا نے بہاماس کی ٹیم کو صرف 57 رنز پر آل آؤٹ کر دیا۔ کلیم ثنا اور شیوم شرما نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے مخالف ٹیم کی کمر توڑ دی، جبکہ دلپریت باجوا نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 14 گیندوں پر ناقابل شکست 36 رنز بنا کر 5.3 اوورز میں ہدف حاصل کر لیا۔

کینیڈا نے کوالیفائنگ مرحلے میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اور اپنے تمام پانچ میچز جیت کر ناقابل شکست رہتے ہوئے ورلڈ کپ تک رسائی حاصل کی۔ اس مہم کے دوران انہوں نے برمودا کو 110 رنز، کیمین آئی لینڈز کو 59 رنز، اور پہلے راؤنڈ میں بہاماس کو 10 وکٹوں سے ہرایا۔ دوسرے مرحلے میں کیمین آئی لینڈز کے خلاف پانچ اوورز کے میچ میں بھی کینیڈا نے 42 رنز سے فتح حاصل کی۔

نکولس کرٹن کی قیادت میں کینیڈا کی ٹیم نے اس سے پہلے 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت کی تھی، جو امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں منعقد ہوا تھا۔

کینیڈا اب اُن 12 ٹیموں میں شامل ہو چکا ہے جنہوں نے پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ان ٹیموں میں بھارت، سری لنکا، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، امریکہ، ویسٹ انڈیز، آئرلینڈ، نیوزی لینڈ اور پاکستان شامل ہیں۔

باقی سات ٹیموں کا انتخاب یورپ، افریقہ اور ایشیا-ایسٹ پیسیفک ریجنز کے کوالیفائرز کے ذریعے کیا جائے گا۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا کی میزبانی میں کھیلا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں