کراچی: اک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ “جہاد کا اعلان صرف ریاستی سطح پر کیا جا سکتا ہے، کسی انفرادی شخص یا گروہ کو یہ اختیار حاصل نہیں۔”
کراچی میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد اور سماجی شعبوں کی نمایاں شخصیات سے خصوصی ملاقات کی اور خیالات کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے اُن کا پُرتپاک خیرمقدم کیا اور اُن سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے پیروکار مساوی شہری حیثیت رکھتے ہیں اور انہیں آئین کے تحت مکمل حقوق حاصل ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی کی بنیاد مساوات اور باہمی ہم آہنگی پر ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے، جبکہ پاک فوج دشمن کی چالوں کا مقابلہ جدید جنگی حکمت عملی سے کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ نسلی یا لسانی تعصب محض جہالت ہے، پاکستانی قوم کے تمام افراد برابر ہیں، اور اگر ہم یکجا رہے تو کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ جہاد کا اعلان صرف ریاست کا اختیار ہے، کوئی فرد یا تنظیم ایسا فیصلہ نہیں کر سکتی۔
اس موقع پر مختلف مذاہب اور معاشرتی حلقوں کے نمائندگان نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ ملاقات کو قابلِ ستائش قرار دیا، اُن کا شکریہ ادا کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ اس طرح کے مشاورتی سیشنز آئندہ بھی جاری رہنے چاہئیں۔