وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر سے ازبک سفیر کی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

اسلام آباد۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار، ہارون اختر خان سے ازبکستان کے پاکستان میں سفیر، عالیشر تختیو، نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد پاکستان اور ازبکستان کے مابین معاشی و صنعتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر غور کرنا تھا۔

ازبک سفیر نے پاکستانی قیادت کی مسلسل حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور زراعت، دواسازی، توانائی اور خوراک کی صنعت جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ہارون اختر خان نے ازبکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جو وزیراعظم شہباز شریف کے اس وڑن کے عین مطابق ہے جس کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وزیراعظم پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارت کو دو ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں، اور اس سلسلے میں مختلف سطحوں پر کوششیں جاری ہیں۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے عوامی خریداری (پبلک پروکیورمنٹ) میں تعاون اور خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) میں مشترکہ منصوبہ جات کی اہمیت پر زور دیا۔ ازبک سفیر نے پاکستانی ڈیجیٹل کمپنیوں کو ازبکستان میں ای کامرس کے شعبے میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت بھی دی۔

ازبک سفیر نے آگاہ کیا کہ ازبکستان-پاکستان بزنس فورم 25 جون کو کراچی میں منعقد ہوگا، جس کا مقصد دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان کاروباری روابط کو فروغ دینا ہے۔اس بات کو سراہا گیا کہ تاشقند اور اسلام آباد کے درمیان براہ راست پروازیں 14 جون سے شروع ہو چکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں