کراچی: جرمن ماہرین کے پاکستان کے دورے کے دوران ای گیٹس کا بنیادی ڈیزائن حتمی شکل اختیار کر گیا ہے، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اس منصوبے کے تحت اسلام آباد، کراچی اور لاہور ہوائی اڈوں پر ای گیٹس نصب کی جائیں گی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق جرمن ماہرین کی نگرانی میں ای گیٹس کا منصوبہ مقررہ وقت پر بغیر کسی تاخیر کے جاری ہے، تین روزہ ورکشاپس میں تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔
ای گیٹس کی تنصیب کے بعد مسافر خودکار نظام کے ذریعے تیزی سے امیگریشن کے عمل سے گزرتے ہوئے آسانی سے سفر کر سکیں گے، یہ منصوبہ جدید دور کی جدید سہولیات فراہم کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ اقدام پاکستان کے ہوائی اڈوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کی کوششوں کا بھی حصہ ہے، اور یہ منصوبہ ملک کے بڑے ہوائی اڈوں کے لیے محفوظ، قابل توسیع اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی حل مہیا کرے گا۔ کنسلٹنٹس معاہدے کے تحت تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔